چولستان کے 20 ہزار کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کا منصوبہ ، کوشش ہے عوام کو ریلیف دوں : پرویز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا چولستان کے مقامی کاشتکاروں کے لئے احسن اقدام، وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر چولستان میں 20ہزار مقامی کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ 5سالہ عارضی کاشت کیلئے20 ہزار کاشتکاروں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے اراضی الاٹ ہو گی۔ پہلے فیز کی الاٹمنٹ کے لئے قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے ہوگی جبکہ مزید 5ہزار کاشتکاروں کو دوسرے فیز میں چولستان میں عارضی کاشت کیلئے اراضی دی جائے گی۔ عارضی کاشت کیلئے اراضی دینے سے علاقے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ چولستان کے کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ کہا کہ وسائل پر چولستان کے لوگو ں کا بھی برابر کا حق ہے۔ چولستان کے بے زمین کسانوں کو اراضی دینے سے ان کی قسمت بدل جائے گی۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی‘ مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی سے سپین کے سفیرہوزے انتونیا ڈی اوری پیرل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا اور تجارتی،صنعتی اورزرعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ سپین پنجاب میں زیتون، سنگترہ اور دیگر سٹرس فروٹ کی کاشت بڑھانے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپین کے ساتھ زراعت، متبادل انرجی، ٹیکسٹائل، لائیوسٹاک اور ماس ٹرانزٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ سپین کی جانب سے مختلف شعبوں میں تکنیکی معاونت کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔سپین کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں تمام ضروری سہولتیں دیں گے۔ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ہسپانوی سفیرنے کہا کہ پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا ویژن قابل تحسین ہیں۔ ہسپانوی سفیر ہوزے انتونیا ڈی اوری پیرل نے سپین میں پاکستانی کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔ہسپانوی سفیرہوزے انتونیا ڈی اوری پیرل نے پنجاب میں ریسکیو 1122سروس کے اعلی معیار پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی خدمات کو سراہا۔ سپین کے سفیر اور اعزازی قونصلر جلال صلاح الدین نے ریسکیو 1122 سروس کی تعریف کی اور کہا کہ آپ کا یہ منصوبہ آج بھی ایمرجنسی سروسز کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریسکیو 1122 جیسی بہترین ایمرجنسی سروس کا قیام ایک قابل تحسین قدم ہے۔ وزیراعلیٰ‘ وفاقی وزیر مونس الٰہی سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن وفد کے وفد نے ملاقات کی۔ پرویزالٰہی نے کہا ہم نے ہمیشہ آزادی صحافت کیلئے آواز بلند کی ہے۔ میں سیاست میں رواداری اور احترام کے اصولوں پر کاربند رہتا ہوں۔ قومی ادارے ہمارا وقار ہیں۔ قومی اداروں کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔ اداروں کا احترام سب پر لازم ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان جن چیلنجز سے گزر رہا ہے‘ اس کا حل اتفاق اور اتحاد میں ہے۔ پوری کوشش ہے صوبے کے عوام کے مسائل حل کروں اور انہیں ریلیف دیا جائے۔ پرویزالٰہی نے رائے ونڈ پر ٹریفک حادثے میں فیکٹری ورکرز کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے واقعہ کے بارے میں انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔