سعودی عرب کی سیلاب زدگان کیلئے عطیات مہم‘ گہرے تعلقات کا عکس: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ریاض میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان کے مشیر سعد بن ناصر الشثری سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ امور خاص طورپر پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان جمعیت اہلحدیث کے مطابق ملاقات پروفیسر ساجد میر نے پاکستان میں حالیہ بدترین سیلاب کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔ سعد بن ناصر نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر سعودی عرب پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے عطیات مہم شروع کر رہا ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ساجد میر نے کہا کہ سیلاب زدگان کیلئے عطیات مہم کا فیصلہ پاکستان‘ سعودی عرب اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے گہرے برادرانہ تعلقات کا عکس ہے۔ پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے عطیات مہم شروع کرنے پر ہم سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔