انسانی سمگلنگ کیس، بھارتی ہائیکورٹ کا گلوکار دلیر مہدی کی سزا کیخلاف حکم امتناعی
بھارتی پنجاب (نوائے وقت رپورٹ) معروف بھارتی گلوکار دلیر مہدی کو پنجاب اور ہریانہ کی عدالت نے بڑا ریلیف دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار دلیر مہدی کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے بڑا ریلیف دیتے ہوئے ان کی سزا کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا۔ یاد رہے کہ دلیر مہدی کے خلاف 2003 میں انسانی سمگلنگ کے کیس کا اندراج ہوا تھا اور دہلی میں ان کے دفتر پر چھاپہ بھی مارا گیا تھا، جس پر پٹیالہ کی عدالت نے انہیں دو برس قید کی سزا سنائی تھی۔ دلیر مہدی رواں سال کے اوائل میں دو سال قید کی سزا ملنے پر جولائی سے جیل میں تھے، جس پر انہوں نے اس فیصلے کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج پٹیالہ کی عدالت میں اپیل کی لیکن عدالت نے اسے جولائی میں مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھجوا دیا تھا۔ واضح رہے دلیر مہدی اور ان کے بھائی شمشیر سنگھ پر 1998 اور 1999 میں 10 لوگوں کے دو گروپس کو بھاری رقم کے عوض غیر قانونی طور پر امریکہ بھجوانے کا الزام تھا۔