لکھنؤ: ایک دن میں مہینے جتنی بارش 15 افراد ہلاک، متعدد زخمی
لکھنؤ (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں موسلا دھار بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ میں ایک دن میں اتنی بارش ہوگئی جتنی اوسطاً ایک ماہ میں ہوتی ہے۔ مسلسل بارش سے ایک گھر کی دیوار گر گئی جس سے ملبے تلے دب کر 12 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایک دن میں 155 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سڑکیں زیر آب گئیں اور کئی فٹ پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ غیر معمولی بارش کے باعث شہر میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سکول اور کالج بھی بند ہیں جبکہ کاروبار زندگی معطل ہے۔