حضرت علی ہجویریؒ کی تبلیغ اسلام کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گی: عبدالخبیر آزاد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد میں جمعۃ المبارک کے عظیم اجتماع سے مولانا عبدالخبیر آزاد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام امن، اخوت، یکجہتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ حضرت سید علی بن عثمان ہجویریؒ کی دین اسلام کیلئے عظیم خدمات تمام مسلمانوں کیلئے مشغل راہ ہیں، آپ نے لاکھوں لوگوں کو کلمہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا۔ حضرت سید علی ہجویریؒ فخر اولیاء تھے جنہں نے لوگوں کو راہ راست پر لانے کی ایک عظیم فکر دی۔ آپؒ کی تبلیغ اسلام و اشاعت کیلئے عظیم خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائیگا۔ آپؒ ایک عالم باعمل اور ولی کامل تھے۔ آپؒ کی ذات و صفات سے بندگان خدا کو فیض پہنچا۔ آپؒ نے خطے کو اسلام کے نور سے منور کیا۔ آپؒ کی تعلیمات لوگوں کو جوڑنے اور وحدت کی ہیں۔ آپؒ کی تصنیف کشف المحجوب وہ عظیم کتاب ہے جو لوگوں کے درمیان اتحاد کی فکر کو عام کرتی ہے۔ آپؒ نے لوگوں کو اللہ کی بڑائی اور ذکر و فکر کی طرف گامزن کیا۔ آج لاکھوں انسان آپؒ کی سالانہ تقریب میں آنا اپنے لئے شرف سمجھتے ہیں۔