• news

حکمرانوں نے 5ماہ میں معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا: شاہ محمود

ملتان(سپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈحکمرانوں کی ساکھ پہلے ہی نہ ہونے کے برابر تھی۔ رہی سہی کثر5ماہ کے اقتدار نے پوری کردی ہے۔ ملک مشکل میں ہے۔ امپورٹڈ حکمران ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ اگر یہ مزید اقتدار میں رہے تو ملک مشکلات میں گھر جائے گا۔ مہنگائی ملکی تاریخ میں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے157 کی یونین کونسل 73 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ پی ٹی آئی ملتان شہر کے صدر ملک عدنان ڈوگر‘ شیخ شاہد‘ خواج امیر بخش‘ ملک شاہد‘ طارق سیال اور علاقہ کی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا  حکومت کے پاس ملک چلانے کا نہ تو کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی اہلیت۔ ملک بھر کے عوام سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ نااہل حکمران سیلاب میں بھی سیاست چمکا رہے ہیں۔ امپورٹڈ حکمرانوں کو سنبھلی ہوئی معیشت اقتدار کے ساتھ ملی۔ 5ماہ میں ان لوگوں نے معیشت کا بھٹہ بیٹھا دیا۔ پاکستان کو غیر معمولی افراط زر کا سامنا ہے۔ پی ڈی ایم اپنے انجام کی طرف پہنچنے والا ہے۔ جلد پی ڈی ایم کا شیرازا بکھر جائے گا۔ انہوں نے کہا این اے 157 کی عوام باشعور ہیں انہوں نے ماضی میں بھی تحریک انصاف پر اعتماد کیا اور 16اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں بھی تحریک انصاف پر اعتماد کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کہا پی پی ‘ ن لیگ کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ پاکستان کی عوام کی نظریں عمران خان کی طرف ہیں۔ اس موقع پر عوام کی ایک بہت بڑی تعداد نے تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن