15 فیصد ڈسپریٹی الاؤنس، مظاہرین کے مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم
لاہور (خبرنگار) 15%ڈسپیرٹی الاؤنس نہ ملنے کے باعث سول سیکرٹریٹ لاہور پر دھرنے کا معاملہ رات گئے حل ہو گیا۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرتے ہوئے گل نواز خان سواتی صدر آل پاکستان بلدیاتی ورکرز اینڈ سٹاف فیڈریشن پاکستان نے گزشتہ روز پنجاب بھر سے احتجاج میں آنے والے تمام بلدیاتی ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا اتحاد ہی ہماری طاقت ہے اور ہم اسی طرح ملازمین کے جائز مطالبات کے حق میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ آنے والے کچھ دنوں میں ملازمین بھائیوں کو بڑی خوشخبری سنائوں گا۔ واضح رہے کہ پندرہ ستمبر کو پاکستان بھر کے بلدیاتی ملازمین نے سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا تھا جس میں آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے قائدین ملک نوید اعوان، علی مردان شیخ، مرزا محمد عیسیٰ، خالد علوی، جنرل سیکرٹری ساجد بخاری، ملک نصیرالدین ہمایوں، بابا سرور، حسنین فراز اور عمران بٹ نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت شرکت کی۔