سیکرٹری سکولز کاپنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن دورہ ،تعلیمی منصوبوں پر بریفنگ
لاہور(سپیشل رپورٹر)سیکرٹری سکولز وقاص علی محمود نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دفتر کا دورہ کیا ہے۔ ایم ڈی پیف نے تعلیمی منصوبوں فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکولز پروگرام، ایجوکیشن وؤچر سکیم اور نیو سکول پروگرام پر سیکرٹری سکولز کو جامع بریفنگ دی ہے۔ ایم ڈی پیف نے بتایا کہ پیف کا بنیادی مقصد صوبہ پنجاب کے غریب اور مستحق بچوں تک مفت اور معیاری تعلیم کا فروغ ہے۔ پیف اس وقت سات ہزار سے زائد پارٹنر سکولوں کے ذریعے 27لاکھ سے زائد طلباو طالبات کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی پیف نے مستقبل کے پروگرامز کے حوالے سے بھی سیکرٹری سکولز کو آگاہ کیا۔ میٹنگ میں سیکرٹری سکولز کو پیف کے مانیٹرنگ کے نظام، آئی ٹی سسٹم اور انٹرنل اور ایکسٹرنل آڈٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ میٹنگ کے دوران سیکرٹری سکولز نے کہا کہ پیف پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا بہترین ماڈل ہے جو معیاری تعلیم کے فروغ میں کلید ی کردار اد ا کر رہا ہے۔ پاکستان کی ترقی کیلئے تعلیم کا کردرا انتہائی اہم ہے اور جب تک پاکستان کے ہر گھر میں تعلیم نہیں پہنچے گی پاکستان کی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔ پیف اپنے تعلیمی منصوبوں کے ذریعے صوبہ پنجاب کے ایسے علاقوں پر فوکس کرے جہاں آؤٹ آف سکول بچوں کی شرح زیادہ ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پیف کے تعلیمی دھارے میں لا کر معیاری تعلیم دی جا ئے۔میٹنگ کے اختتام پر ایم ڈی پیف نے سیکرٹری سکولز کو اعزازی شیلڈ پیش کی ۔