• news

بیکری آئٹمز کے نرخ بڑھ گئے ، یوٹیلٹی سٹورز پر واشنگ پاوڈر ، ڈائیپرز ، ٹشو پیپر ، پیسٹ مہنگا 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) یوٹیلیٹی سٹورز پر ایک بار پھر متعدد اشیا کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کردیا گیا۔ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کی جانب سے اچار، مختلف برانڈز کے بسکٹ ، جیلی ، سرف، شو پالش، ریزر بلیڈر، ٹوتھ پیسٹ، برتن دھونے کا صابن ، شہد، نوڈلز سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کا اطلاق فوری ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سوگرام ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 10روپے تک اضافہ کیا گیا جسکی قیمت 133 روپے سے بڑھ کر 143 روپے ہوگئی جبکہ 275 گرام برتن دھونے کے صابن کی قیمت میں 50 روپے تک اضافہ کیا گیا اور275 گرام ڈش واش کی قیمت 90روپے سے بڑھا کر 140 روپے کردی گئی ہے۔ اسی طرح ٹشو پیپر کے ڈبے کی قیمت میں بھی 11 روپے تک اضافہ کیا گیا جس کے بعد ٹشوپیپر کا ڈبہ 56 روپے سے بڑھ کر 67 روپے کا ہوگیا۔ بے بی ڈائپر کے چھوٹے پیک کی قیمت میں 348 روپے تک اضافہ ہوا، چھوٹا برانڈڈ بے بی ڈائپر کا پیک 1352 سے بڑھ کر 1700 روپے کا ہوگیا۔ علاوہ ازیں کیڑے مار دوا کی قیمت میں بھی 300  روپے اضافہ کیا گیا،جس کے بعد 800 ایم ایل کیڑے مار محلول 490 روپے سے بڑھ کر 790 روپے کا ہوگیا۔ گرین ٹی کے برانڈڈ 45 گرام پیک میں 20 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 178 روپے ہوگئی جبکہ 250 گرام میکرونی کی قیمت میں 11 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 79 روپے سے بڑھ کر 90 کی ہوگئی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 300 گرام شہد کے جار کی قیمت میں 60 روپے اضافے سے 310 سے بڑھ کر 379 روپے ، 66 گرام نوڈلز کی قیمت میں 5 روپے اضافے کے بعد 48 سے بڑھ کر 53 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح یوٹیلٹی سٹورز پر ایک برانڈ کے آئل کے ڈھائی کلووالے ٹن کی قیمت میں 430 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈبل روٹی بنانے والوں کی جانب سے ہفتہ سے قیمتوں میں اوسطا 19 فیصد اضافے کے فیصلے کے بعد ناشتے کی اشیا کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اگست میں مکھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ڈبل روٹی بنانے والوں نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ سپر فائن فلور ،میدہ، یوٹیلیٹی بلز اور ڈسٹری بیوشن لاگت سمیت خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قرار دیا،گزشتہ جون کے دوسرے ہفتے میں صارفین نے قیمتوں میں 16 سے 17 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا تھا۔کراچی بریڈ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ہارون اقبال شیخ نے بتایا کہ جون 2022 کی شرح سے اب تک میدہ کی قیمت 42 فیصد اضافے کے بعد 5700 روپے فی 50 کلوگرام تھیلے تک پہنچ گئی ہے،روٹی اور دیگر بیکری آئٹمز کی کل پیداوار میں میدے کا استعمال 65 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے بعد بڑی، درمیانی، چھوٹی اور چھوٹی سادہ ڈبل روٹی بالترتیب 200 روپے، 150 روپے، 110 روپے اور 70 روپے میں دستیاب ہوں گی جبکہ دودھ والی روٹی درمیانی، چھوٹی اور چھوٹی ڈبل روٹی بالترتیب 151، 111 اور 71 روپے میں فروخت ہوں گی۔برن بریڈ اور بڑے فروٹ بن کی قیمتیں 150 اور 50 روپے مقرر کی گئی ہے۔منی بن، برگر رول، کٹ برگر اور سپیشل برگر پر بالترتیب 20 روپے، 35 روپے، 100 روپے اور 110 روپے کے نئے ٹیگز ہوں گے۔ دریں اثنا ایک معروف ملٹی نیشنل بٹر میکر نے بھی یکم اگست 2022 کو اپنے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے۔خوردہ فروشوں کو جاری کردہ نرخوں کے مطابق 50 گرام، 90 گرام، 180 گرام، 235 گرام اور 475 گرام کے بلیو بینڈ مکھن کے پیکٹ اب بالترتیب 80 روپے، 140 روپے، 270 روپے، 400 روپے اور 750 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں جہاں پہلے ان کی قیمت 60 روپے، 120 روپے، 240 روپے اور 600 روپے تھی، ریٹ لسٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن