ہسپا نوی سفیر کی گورنر پنجاب سے ملاقات، تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میںپاکستان میں سپین کے نئے تعینات ہونے والے سفیر جوس اے ڈی اوری( Mr. Jose Antonia de Ory ) نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تجارت اور ثقافتی تعلقات کو مذید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان گہرے روابط ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سکیم میں سپین کے کردار کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ سپین یورپین یونین میں جی ایس پی پلس سٹیٹس کے معاملے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ گورنر پنجاب نے یورپی یونین میں باسمتی چاول کی جی آئی ٹیگنک کے مسلے پر بھی سپین کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سپین پاکستان کا یورپین یونین میں تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور جی ایس پی پلس کے حصول کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے سپین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں میں کردار کم جبکہ نقصان زیادہ ہوا ہے۔ ہسپانوی سفیر نے گورنر پنجاب کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار ممالک کو اس موقع پر پاکستان کی خصوصی طور پر مدد کرنی چاہئے۔
گورنر، ملاقات