اپٹما انتخابات، ڈاکٹر گوہر اعجاز گروپ نے تمام نشستیں جیت لیں
لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے سالانہ انتخابات 2022-23ء میں ڈاکٹر گوہر اعجاز گروپ نے مسلسل 14ویں سال تمام نشستیں جیت لیں۔ اپٹما ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل رضا باقر نے مرکزی اور زونل دفاتر کے نو منتخب عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ آصف انعام مرکزی چیئرمین، رحمان نسیم سینئر وائس چیئرمین، نوید احمد وائس چیئرمین اور اسد شفیع کو ویلیو ایڈڈ سیکٹر کے لیے وائس چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ مزید برآں حامد زمان کو چیئرمین، کامران ارشد کو سینئر وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ محمد انیس بطور وائس چیئرمین اور اسد شفیع کو ناردرن زون کے خزانچی منتخب ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے اپنے گروپ ممبران کو مرکز اور زونل دونوں سطحوں پر اپٹما کے سالانہ انتخابات میں مسلسل 14ویں مرتبہ بے مثال کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب قیادت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی برآمدی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے گروپ کی بھرپور کوششوں کے نتیجے میں حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس دونوں کے برآمدی شعبوں کے لیے علاقائی سطح پر مسابقتی توانائی ٹیرف کی منظوری دی گئی۔
اپٹما انتخابات