حکومت کے پاس وقت کم‘ الیکشن کا اعلان ورنہ 2 ہفتوں میں کال دیں گے: فواد
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر حکومت جلد انتخابات کی جانب نہ بڑھی تو اگلے دو ہفتوں میں حتمی احتجاج کی کال دے دیں گے۔ کارکنان ستمبر میں فائنل کال کا انتظار کریں، عمران خان کے خلاف نفرت آمیز مذہبی منافرت کی مہم پر بھرپور جواب دیں گے، امپورٹڈ حکومت کے پاس وقت کم ہے جو کرنا ہے جلدی کر لیں، انہوں نے یہ بات ہفتہ کو چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہی۔ سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ کورکمیٹی میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر کور کمیٹی نے افسوس کا اظہار کیا۔ پاکستانیوں اور اوورسیز پاکستانیوں کا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ٹیلی تھون میں عمران خان کی پکار پر صرف 5 گھنٹوں میں سیلاب متاثرین کے لئے11 ارب روپیہ دیا، متاثرین کی مدد کے لئے جو پیسہ آیا ہے اس کو جلد از جلد خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا جائے۔ پاکستان میں سٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کریانہ سٹوروں اور بیکریوں پر وارداتیں ہو رہی ہیں، تین لاکھ لوگ پچھلے4 ماہ میں نوکریوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، اب رپورٹس آ رہی ہیں کہ دس لاکھ لوگ اگلے چند ماہ میں نوکریوں سے فارغ ہو جائیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ فوری انتخابات کے علاوہ ملک بچانے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ وزیراعظم اور خاص طور پر وزیر خزانہ نے پریس کانفرنسز میں رونے اور چیخنے کے علاوہ ابھی تک کوئی حل یا منصوبہ سامنے نہیں لایا، کور کمیٹی نے تحریک انصاف کی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ اس سال اپنے صوبوں میں 26 ستمبر سے 9 اکتوبر تک عشرہ رحمت للعالمینؓ منائیں اور ربیع الاول کے مہینے کو بھرپور مذہبی جوش و عقیدت سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورکمیٹی نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ تحریک انصاف کی پورے ملک میں تنظیموں کو کہا گیا ہے کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کے لئے باہر نکلیں، تحریک انصاف کی تنظیمیں فائنل کال کا انتظار کریں۔ ستمبر میں کارکنان حتمی کال کا انتظارکریں، مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل صرف اور صرف جمہوریت سے وابستہ ہے۔ کسی ٹیکنوکریٹ حکومت کی آئین میں گنجائش نہیں، اس کو مارشل لا تصور کیا جائے گا۔ اقدام ماورائے آئین ہو گا، سیاسی کارکنوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ہو رہی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے، حکومت کو کہا ہے کہ جلد انتخابات کی بات کریں، ان کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں، ملک کے پاس دو راستے ہیں کہ یا تو ایک آئیڈیل جمہوریت کی طرف جائیں گے یا پھر شمالی کوریا یا برما جیسا ماڈل بنے گا، امید ہے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اگر انتخابات پر بات کرنا چاہتے ہیں تو خوش آئند ہے ان کو چاہئے اس معاملے کو وزیراعظم کی سطح تک اٹھائیں کہ جلد انتخابات ہونے چاہئیں، اگر یہ نہ ہوا تو پاکستان میں ایک ایسا احتجاج ہو گا جو پہلے کبھی نہیں ہوا، زرداری بے نظیر سے شادی کر کے حادثاتی طور پر سیاستدان بن گئے۔ ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، امپورٹڈ حکومت نے جو کرنا ہے جلدی کر لے ان کے پاس وقت نہیں ہے۔
فواد چودھری