• news

چہلم ‘عرس ‘زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی ‘ڈپٹی کمشنر


لاہور(خبرنگار) ڈی سی لاہور محمد علی نے داتا دربار عرس اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقع پر جلوس روٹ کا دورہ کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سکیورٹی اور دیگر افسران بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے داتا دربار کے اطراف میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ داتا دربار عرس میں شرکت کرنے والے زائرین کو بھرپور سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور جلوس روٹ پر تمام متعلقہ محکمے موجود ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی ، ایم سی ایل ، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود ہیں اور ریسکیو 1122 کا عملہ الرٹ ہے۔ جلوس روٹ پر عارضی طور پر ہسپتال فنکشنل ہیں۔انہوں نے  ڈی سی آفس کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور تعینات ملازمین سے بریفنگ لی اورکہا کہ کنٹرول روم سے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ چہلم جلوس روٹ اور عرس داتا دربار کی بھر پور مانیٹرنگ کی جا رہی ہے‘ ازخود بھی کنٹرول روم میں بیٹھ کر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا۔  جلوس روٹ پر 180 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ کنٹرول روم میں واسا، پی ایچ اے، لیسکو، ایم سی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی ،پی ٹی سی ایل، سوئی گیس، پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔کنٹرول روم میں موصول ہونے والی شکایات کو فوکل پرسن فوری طور پر حل کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن