محمد رضوان صرف ایک سائیڈ پر کھیلتا ہے یہ نہیں چلے گا:معین خان
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ محمد رضوان صرف ایک سائیڈ پر کھیلتا ہے یہ نہیں چلے گا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو تیز کھیلنا ہوگا بلکہ بابر اعظم کو اوپنر کی بجائے ون ڈاؤن آنا چاہیے۔ موجودہ مڈل آرڈر کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنا مشکل ہے ۔مڈل آرڈر میں شعیب ملک اور اعظم خان کی جگہ بنتی تھی۔ کرکٹ تبدیل ہوگئی ہے اب روایتی انداز سے ٹیمیں چیمپئن نہیں بنتیں۔ ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ ٹیم میں تبدیلی ہوسکتی تھی لیکن اب ہمیں ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، آصف علی اور خوشدل شاہ ایشیا کپ میں نہیں چلے پھر بھی کھلاڑی منتخب ہوئے وہ خوش قسمت ہیں۔بابر اعظم سے غلطیاں ہورہی ہیں انہیں کپتانی میں خامیوں پر تیزی سے قابو پانا ہوگا۔ حالیہ انگلینڈ کی سیریز میں کمزوریاں بھی سامنے آجائیں گی۔شاہین آفریدی کے علاج سے متعلق معین خان نے کہا کہ اگر شاہین کو تمام اخراجات اٹھانے پڑے ہیں تو یہ افسوسناک ہے۔ اگر ورلڈ کپ میں نتائج اچھے نہیں آئے تو بہت سارے لوگوں کو گھر جانا پڑیگا۔