پی او اے نے پاکستان ہاکی فیڈریشن انتخابات کو تسلیم کرلیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کو تسلیم کرکے 4 سالہ آئینی مدت 26-2022 کیلئے لیٹر جاری کردیا گیا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین کی انکے آفس میں ملاقات ہوئی۔اس موقع پر پی او اے کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل حیدر حسین کو سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات میں منتخب ہونے والے عہدیداران کی 4 سالہ آئینی مدت 26-2022 کیلئے الحاق کالیٹر بھی پیش کیا گیا۔ مذکورہ لیٹر کے مطابق پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر صدر‘ سید حیدر حسین سیکرٹری جنرل‘ شاہد پرویز بھنڈارہ بطورخازن پی او اے سے الحاق شدہ یونٹ کا حصہ ہونگے۔سیکرٹری جنرل پی اواے خالد محمود سے سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کی ملاقات کے دوران انٹرنیشنل ایونٹس کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ خالد محمود نے کہا کہ ہاکی نہ صرف ہمارا قومی کھیل ہے بلکہ قومی سپورٹس کے ماتھے کا جھومر ہے۔ ہماری قومی کھیل ہاکی اور اسکے نو منتخب عہدیداران سے بہت امیدیں ہیں۔ انہوں نے پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل حیدر حسین کی ہاکی میں سرانجام دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس بہترین انداز سے گراس روٹ میں ہاکی کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔ 25 سال بعد کراچی میں ڈیپارٹمنٹ ٹیموں کی تشکیل‘ ویمنز ہاکی ٹیم کی تشکیل نو کی۔ملکی تاریخ میں پہلی بار سمر کیمپ میں گیارہ سو بچوں کی شرکت اس سے کراچی ہاکی کا مستقبل روشن ہوا اور کراچی ہاکی کو ملکی سطح پر ایک مقام دلایا ۔امید ہے اسی سپرٹ کیساتھ بحیثیت پی ایچ ایف سیکرٹری اپنی تمام کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اس حوالے سے اپنا مکمل تعاون پی ایچ ایف کیساتھ جاری رکھے گی۔ پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے پی او اے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی او اے نے ہمیشہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ کیلئے پی ایچ ایف کیساتھ معاونت کی ہے۔