• news

بلاول بھٹو کی 33 ویں سالگرہ پرسوں جوش و خروش سے منائی جائے گی

لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار‘ خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی 33 ویں سالگرہ 21 ستمبر کو نہایت جوش و خروش سے منائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کے زیراہتمام اس موقع پر مختلف تقاریب کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی جانب سے تمام ڈویژنل، ضلعی، سٹی، تحصیل، الائیڈ ونگ تنظیموں و ٹکٹ ہولڈرز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد عوامی اور معروف مقامات پر کریں۔ جن میں عوام بالخصوص نوجوانوں کو پارٹی منشور اور پارٹی کی ملک و قوم کے لئے خدمات سے آگاہ کیا جائے۔ خبر نگار خصوصی اسلام آباد کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہید میر مرتضی بھٹو کے یومِ ولادت پر  انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر مرتضی بھٹو انتہائی بہادر اور کبھی ہار نہ ماننے والے جذبے سے سرشار مثالی رہنما تھے۔ انہوں نے زندگی بھر پاکستان میں جمہوریت کے لئے جدوجہد کی۔ ان کا عزم، حوصلہ، ثابت قدمی، جدوجہد اور کارکن دوستی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر مرتضی بھٹو جیالوں، پاکستانی عوام کے دلوں اور تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن