مہنگائی کیخلاف اگلے ہفتے سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر احتجاج ہو گا: شاہ محمود
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پنجاب ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ تحریک انصاف مہنگائی کے طوفان کے خلاف آواز اٹھائے گی۔ اگلے ہفتے سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر احتجاج کیا جائے گا۔ ہمارا مطالبہ فوری صاف شفاف انتخابات ہے۔ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کاموں میں غفلت برتی، مفاد پرست ٹولے نے اپنی زمینیں بچانے کیلئے غریب آبادی کے بند میں شگاف ڈالے، آٹے کے معاملے پر حکومت کی کوئی پالیسی نہیں۔ الیکشن ملک کی ضرورت بن گئی ہے۔ ورنہ معاشی عدم استحکام ہو سکتا ہے۔ کرپشن کیسز سے بڑے بڑے نام بری ہو گئے ہیں۔ تین وزیراعظم نیب کے نئے قوانین سے مستفید ہو گئے۔ احتساب کے عمل کا جنازہ نکل گیا ہے۔