کشمیری علماء کی پبلک سیفٹی کے تحت گرفتاریاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے : پاکستان
اسلام آباد (نامہ نگار)پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں ممتاز اسلامی سکالرز مولانا عبدالرشید دادی، مولانا مشتاق احمد ویری سمیت جماعت اسلامی کے 5 ارکان کی گرفتاریوں اور غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے صرف چند روز قبل یہ افسوسناک اقدامات بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی ہٹ دھرمی، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بنیادی آزادی کو سراسر نظرانداز کیے جانے کا اظہار ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ان گرفتاریوں نے معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق پر بھارتی افواج کی صریح اور مسلسل جارحیت کی ایک نئی پستی کی نشاندہی کی ہے۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے)کے تحت کشمیری علمائے کرام کی قابل مذمت گرفتاریاں بھارتی حکام کی جانب سے مذہبی اہمیت کے حامل وقف بورڈکی جائیدادوں پر ناجائز قبضہ کرنے کی منصوبہ بندی کا افسوسناک پیشگی قدم ہے، یہ قانون تمام بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے جو کسی مقدمے کے بغیر 2 سال تک حراست میں رکھنے کی اجازت دیتا ہے۔دفترخارجہ نے کہا کہ اس طرح کے بدنیتی پر مبنی اقدام کے پیش نظر بڑے پیمانے پر ہونے والے احتجاج اور بدامنی کے خوف سے ان علما کو نہ صرف بلاجواز گرفتار کیا گیا ہے بلکہ کشمیر سے انہیں ہندو اکثریتی علاقے جموں کی جیل میں منتقل کر دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ سیاسی محرکات پر مبنی ان گرفتاریوں کا مقصد واضح طور پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آواز دبانا اور انہیں مزید پسماندہ کرنا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ان مذہبی اسکالرز اور دیگر تمام کشمیری قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے جو بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔بیان میں عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا گیا کہ ہم عالمی برادری سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت میں اسلامو فوبیا کے خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے رجحان کا نوٹس لے جسے بی جے پی،آر ایس ایس گٹھ جوڑ کی ایما پر فروغ دیا گیا ہے۔بیاں میں واضح کیا گیا کہ اس کا مقصد بھارت کے مسلمانوں کو دبانا، انہیں آزادانہ طور پر اپنے عقیدے پر عمل کرنے سے روکنا اور ان کی عبادت گاہوں پرحملہ کرنا ہے۔