وزیر خزانہ سے ورلڈ بنک کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات‘ مسلسل معاونت پر اظہار تشکر
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نجے بن حسنی اور ورلڈ بینک کے انرجی پروگرام لیڈر ٹیوٹا کاسینیکو نے ملاقات کی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اتوار کو یہاں فنانس ڈویژن میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران عالمی بینک کے آر آئی ایس ای II اور پی اے سی ای II پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزارت خزانہ انرجی ڈویژن اور ایف بی آر کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ کو آر آئی ایس ای II اور پی اے سی ای II پروگرامز پر بریفنگ دی گئی۔ ملاقات کے دوران ان پروگرامز کے حوالہ سے اب تک کے حاصل اہداف پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ان پروگرامز کی بروقت تکمیل کے حوالہ سے ایکشن پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے شراکت دار حکام سے کہا ان پروگرامز کے بارے میں تمام اقدامات پر فاسٹ ٹریکنگ کا عمل شروع کیا جائے اور ہدایت کی آر آئی ایس ای II اور پی اے سی ای II پروگرامز پر تمام ضروری اقدامات کو ترجیح دی جائے۔ وزیر خزانہ نے مسلسل معاونت اور سہولت کاری کے حوالہ سے عالمی بینک کے حکام سے اظہار تشکر بھی کیا۔