• news

ملکہ کی آخری رسومات آج ، برطانیہ سوگ میں ڈوب گیا ، شہباز شریف سمیت 500 عالمی رہنما شرکت کریں گے 

لندن‘ پیرس‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف ملکہ برطانیہ آنجہانی الزبتھ دوم کی لندن میں (آج) پیر کو سرکاری سطح پر آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات آج ویسٹ منسٹر ایبے ہال میں ادا کی جائیں گی۔ سرکاری تدفین 125 سینما گھروں میں دکھائی جائیگی۔ جنازے کی تقریب 3 ٹی وی چینلز براہ راست دکھائیں گے‘ برطانیہ میں 6  دہائیوں میں یہ پہلا سرکاری جنازہ ہو گا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق آخری رسومات میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہبازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہوں گے۔ یہ اجلاس 20 سے 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ملکہ الزبتھ دوم 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ برطانوی عوام کو ملکہ کا تابوت دیکھنے کیلئے 24 گھنٹے تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ رات کے وقت موسم سرد ہوگا۔ آخری رسومات کیلئے برطانیہ میں پولیس اب تک کا سب سے بڑا سکیورٹی آپریشن کر رہی ہے کیونکہ امریکی صدر جو بائیڈن سمیت سیکڑوں معززین آخری رسومات میں شرکت کیلئے آنے والے ہیں۔ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کیلئے سربراہان مملکت سمیت پانچ سو عالمی رہنما شریک ہوں گے۔ شمالی کوریا‘ ایران اور روس‘ بیلاروس‘ میانمار کے سربراہان مملکت کو دعوت نہیں دی گئی۔ 2 ہزار سے زائد مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔ ملک الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں امریکی صدر جو بائیڈن‘ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون‘ طیب اردگان‘ آسٹریلیا‘ کینیڈا‘ جمیکا کے رہنما اور جاپان کے شہنشاہ‘ دولت مشترکہ کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے نائب صدر وان چیشان ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ ملکہ برطانیہ کو پوتے‘ پوتیوں کی جانب سے شمعیں روشن کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا جس کی قیادت شہزادہ ولیم نے کی۔ خراج عقیدت کے دوران شہزادہ ہیری فوجی وردی میں ملبوس تھے۔ جو بائیڈن لندن پہنچ گئے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم سیاست سے بالاتر تھیں، وہ بین الاقوامی تعلقات پر رائے نہیں دیا کرتی تھیں لیکن وہ پاکستان کے ساتھ بہت لگاؤ رکھتی تھیں۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج ملکہ برطانیہ کی تدفین برطانیہ کی حالیہ تاریخ کا شاید یہ سب سے بڑا موقع ہو گا۔ ہم ملکہ کی وفات کا صدمہ اور آپ سیلاب کی تباہی کا صدمہ جھیل رہے ہیں۔ ملکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی تھیں۔ ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بکنگھم پیلس میں استقبالے میں شرکت کی۔ برطانیہ کے کنگ چارلس نے بکنگھم پیلس میں عالمی لیڈرز کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف‘ امریکی صدر جوبائیڈن ‘ کینیڈا کے جسٹسن ٹروڈو اور دیگر عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملکہ برطانیہ الزبتھ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن