مراد شاہ سے ملاقات ، وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کیلئے فوری سامان فراہم کرے گی : احسن اقبال
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے لاپتہ افراد کے معاملے کو ریاست کیلئے چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستان کی تحریک بیلٹ اور ووٹ کے ذریعے تھی‘ لیکن ایوب خان نے پاکستان کی بیلٹ اور ووٹ کی تحریک کو راستے سے ہٹایا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا ہمیں طے کرنا ہوگا کہ اب ملک میں بالادستی آئین کو حاصل ہے یا چند طبقوں کو‘ معیشت مضبوط نہیں ہوگی تو پاکستان مضبوط نہیں ہوگا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سے احسن اقبال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب کی صورتحال‘ پانی کی نکاسی اور امدادی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ ہائوس میں دوران ملاقات احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے رابطے میں رہیں۔ فوری ضروری سامان مہیا کرنے کیلئے وفاقی حکومت سندھ کو ہرممکن مدد کرے گی۔ وزیراعظم موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے تمام صوبوں سے مل کر مشاورت کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ابھی 11 اضلاع کا دورہ کرکے آیا ہوں۔ لوگ مشکل میں ہیں۔ متاثرین کے مسائل حل کرنے کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔ ہمیں نکاسی آب کے بعد لوگوں کو واپس بھیجنے کے لئے خیموں کی ضرورت پڑے گی۔ جب تک لوگوں کے مکانات نہیں بنتے تب تک لوگوں کو ان کے گھروں کے نزدیک رکھنا ہوگا۔ مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں آبپاشی نظام‘ زرعی زمینوں کی بحالی اور نکاسی آب کی تعمیرنو کرنا ہوگی۔ امدادی کاموں کے ساتھ ابھی نئی منصوبہ بندی بھی کرنی ہوگی۔ ماہرین کے ساتھ مل کر یہ تعین کیا جائے گا کہ کیا اگلے سال بھی موسمی تبدیلی کا اثر ہوگا؟۔احسن اقبال نے تحصیل خیرپور ناتھن شاہ میں پاکستان نیوی کے قائم کردہ خان پور ریلیف کیمپ کا جائزہ لیا۔ صوبہ سندھ میں پاک نیوی کے ریسکیو مشن اور ریلیف کیمپ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کیمپ میں مقیم افراد‘ سول سوسائٹی اور انتظامیہ سے ان کی مشکلات کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں۔