• news

الیکشن ہماری نہیں ملکی ضرورت ، انقلاب دستک دے رہا ، انتخابات سے راستہ دیا جائے ، عمران 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہیٰ ایک عملی سیاستدان ہیں‘ ہم نے ان کا بھرپور ساتھ دینا ہے‘ پنجاب میں حکومت سے عوام پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔ فوری انتخابات تحریک انصاف کی نہیں ملک کی ضرورت ہیں۔ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں کامیابی تحریک انصاف پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو پنجاب کابینہ کے اراکین سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں پنجاب کے انتظامی و سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کابینہ ارکان کو پنجاب کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ عمران خان نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ ہمیں جلد انتخابات کی طرف بڑھنا ہے۔ انقلاب ہماری دہلیز پر دستک دے رہا ہے۔ پرامن انتخابات کے ذریعے انقلاب کا راستہ فراہم کیا جائے۔ اس میٹنگ میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ فوری انتخابات تحریک انصاف کی نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے‘ پرامن انتخابات کے ذریعے انقلاب کا راستہ فراہم  کیا جائے۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے‘ پرویز الٰہی ایک عملی سیاستدان ہیں‘ ہم نے بھرپور ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب کی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی حقیقی آزادی کے مؤقف پر عوام کے ساتھ کھڑی رہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، ہمیں جلد انتخابات کی جانب بڑھنا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ انقلاب ہماری دہلیز پر دستک دے رہا ہے‘ پرامن انتخاب کے ذریعے راستہ فراہم کیا جائے۔  دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کور کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان کچھ ارکان پر برہم ہوئے اور انہیں پارٹی پالیسی پر عمل پر زور دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بتایا کہ انہیں معلوم ہے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے ملے ہیں، عمران خان نے تنبیہہ کی کہ کوئی انہیں 'بائی پاس' کرنے کی کوشش نہ کرے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے کورکمیٹی ارکان کو پارٹی پالیسی کے مطابق ٹویٹ کرنے کو کہا اور  پارٹی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے شیریں مزاری کو نگران بنا دیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ جلد احتجاج کی کال دینے جا رہا ہوں، تمام تنطیمیں فعال چاہئیں، عمران خان نے کور کمیٹی ممبران کو احتجاج کے لیے فنانس کے بندوبست کا بھی کہا۔ ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی)  میں 100 سے زائد عمودی عمارتوں کی گنجائش ہوگی، ملکی معیشت کو600 ارب سے زائد میسرآئیں گے، جس سے گرد و نواح کے پورے انفراسٹرکچر کو نئی ہیئت ملے گی، بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ایسے منصوبوں کو پنجاب کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے پہلے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی)  میں 100 سے زائد عمودی عمارتوں کی گنجائش ہوگی اور ملکی معیشت کو600  ارب سے زائد میسر آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن