• news

ایران سے تجارت آئندہ برس تک 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائیگی:صدرآئی پی ایف سی ٹی

لاہور( این این آئی)ایران پاک فیدریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ تجارتی حجم اپنی گنجائش سے بہت کم ہے جسے بڑھانے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان جلد صنعتی اور تجارتی نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اجلاس کے شرکا ء کودونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے باہمی تجارت آئندہ برس 5 ارب ڈالر کی سطح پر لے جانے کے عزم کو دہرایا۔ خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ 2 نئے کراسنگ پوائنٹس کھولے جانے کے باوجود تجارتی حجم آگے بڑھانے میں بعض رکاوٹیں حائل ہیں جن میں سرفہرست سمگلنگ ہے جو سرکاری اہلکاروں کی شمولیت کے بغیر ناممکن ہے اور وہ سرمایہ جو ٹیکسوں کی شکل میں دونوں ملکوں کے قومی خزانے میں جانا چاہیے۔ بدعنوانی کی نذر ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایرانی حکام کو اس اہم مسئلے پر بلاتاخیر غور و خوض اور باہمی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن