طویل لوڈشیڈنگ معمول، حکومت بجلی فراہم کرنے کو تیار نہیں: کنور عمران
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر کنور عمران سعید ایڈووکیٹ اور ضلعی جنرل سیکرٹری منظور آصف ورک نے کہا ہے کہ حکومت بجلی فراہم کرنے کو تیار نہیں طویل دورانیہ لوڈشیڈنگ روز کا معمول ہے مگر بجلی کے بلوں کی صورت میں عوام پر ہر ماہ بجلیاں گرا ئی جارہی ہیں طرح طرح کے ٹیکس عائد کرکے بجلی کی فی یونٹ نرخ عام صارف کیلئے پچاس روپے تک پہنچا دیئے گئے ہیں وفاقی حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے نتیجہ میں غربت،مہنگائی اور خودکشیاں عام ہو گئی ہیں، اپنے ایک بیان میں ان رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کا ایجنڈا بہت تیزی سے آگے بڑھایا ہے مہنگائی میں اضافہ بھی آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئے کیا گیا جس کے نتیجہ میں عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی سے سیلاب متاثرین کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے، فوری طور پر وفاقی حکومت سیلاب سے ہونے والے علاقوں کو سروے کروا کر نقصانات کا درست تخمینہ لگائے اور دیانتداری کیساتھ ملنے والی امداد اور اعلان کردہ رقوم متاثرین کے فوری حوالے کرے تاکہ لوگوں کی زندگی کا سلسلہ بحال ہوسکے، پی ٹی آئی آخری فرد کی بحالی تک عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ حکومتی اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اب ماضی کی طرح ریلیف کے کام میں کرپشن نہیں ہونے دی جائے گی۔