• news

موجودہ حکمران نااہل‘ سیلاب سے بھی بڑی مصیبت ہیں: زبیر احمد ظہیر


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکمران سیلاب سے بھی بڑی مصیبت ہیں۔ یہ آئی ایم ایف کے تابعدار اور عوام کے دشمن ہیں۔ سیلاب زدگان کی عملی مدد کرنے کی بجائے اپنی کرپشن کے مقدمے ختم کروانے، ڈالر باہر بھجوانے اور مخالف حکومتوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان کی توجہ سیلاب زدگان کی مصیبتوں اور دکھوں کی طرف بالکل نہیں۔ وہ  مرکزی جامع مسجد منار الہدیٰ گلبرگ میں سیلاب زدگان اور ہماری قومی ذمہ داریوں کے عنوان پر ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار سے پروفیسر عدنان احمد فیصل، مولانا حافظ ذوالقرنین عثمانی، مولانا محمد عبداﷲ مدنی، حاجی محمد عباس اور مولانا خالد مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حکومت نے اگر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو پھر ہم آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف اعلانِ جہاد کرنے پر مجبور ہوں گے۔ عوام کو یہ ظلم اور جبر ہرگز قبول نہیں ہے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ یہ لوگ بیرونی ممالک کے دورے کرنے‘ نمود و نمائش اور فوٹو سیشن  کروانے پر مصروف ہیں۔ ان سیاسی جماعتوں نے اور ان  سیاستدانوں نے سیلاب زدگان کی ایک دھیلہ بھی مدد نہیں کی اور حکومتیں گرانے کے لئے اربوں روپے خرچ کرنے کو تیار بیٹھے ہیں اور سودے بازیاں کر رہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن