متاثرین سیلاب کیلئے 5 ہزار مکان تعمیر کئے جائیں گے: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے متاثرین سیلاب کے لیے پانچ ہزار مکانات کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ پہلے مرحلے میں ایک ہزار مکانات بنائے جائیں گے۔ سنگل بیڈ روم پر مشتمل پکا گھر بنایا جائے گا۔ جنوبی پنجاب اندورن سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا سروے کرلیا گیا ہے۔ اب تک متاثرین سیلاب کے لیے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے شعبہ خدمت خلق اور زم زم ٹرسٹ کی طرف سے تقریبا ایک ارب روپے تقسیم کر چکے ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مرکز راوی روڈ میں مرکزی ریلیف کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ناظم اعلی حافظ عبدالکریم، نائب امیر مولانا علی محمد ابو تراب، قاری صہیب میر محمدی، علامہ ابراہیم و دیگر نے شرکت کی۔ پروفیسر ساجد میر نے ملک بھر کی صوبائی، ضلعی تنظیموں کا ریلیف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر تعاون کرنے پر اپنی ٹیم، علماء اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مکانات کی تعمیر کے منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ابھی بحالی کے کام میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں، پروفیسر ساجد میر نے مخیر حضرات سے اس سلسلے میں مزید تعاون کی اپیل کی ہے۔