ساہیوال‘ کوٹ رادھا کشن‘ مرید کے‘ 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ‘ بجلی بلوں کے خلاف مظاہرہ
کوٹ رادھا کشن‘ مرید کے‘ ساہیوال (نمائندگان) کوٹ رادھا کشن اور گردونواح میں 15 گھنٹوں سے زائد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری‘ جس سے عوام شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں‘ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی تو آتی نہیں لیکن ہزاروں روپے کے بل آجاتے ہیں۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ کاروبار زندگی مفلوج‘ عوام نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ختم کیا جائے اور بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ نامہ نگار مریدکے کے مطابق ظالمانہ لوڈ شیڈنگ اور ناقابلِ برداشت بجلی بلوں کیخلاف عوام کا جی ٹی روڈ پر شدید احتجاج‘ فرینڈز آف مریدکے کے زیر انتظام ہونے والا احتجاج ریلی حبیب بنک سے شروع ہوئی اور مین جی ٹی روڈ سے بنگلہ پلی پہنچی، جہاں تاجروں رہنماؤں، مختلف سماجی و سیاسی رہنماؤں، شہری اور میڈیا نمائندوں نے خطاب کیا۔ مقررین کے مطابق مریدکے میں اس وقت روزانہ بنیادوں پر بارہ بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ جس کے سبب تمام مقامی کاروبار تباہ ہو چکے۔ معمول کی گھرداری ممکن رہی نہ ہی سکون کی نیند میسر ہے اور بے تحاشا بلوں نے ذہنی و مالی سکون برباد کر رکھا ہے۔ نمائندہ نوائے وقت ساہیوال کے مطابق ساہیوال کے مختلف علاقوں دھوبی گھاٹ، محلہ بھٹو نگر و دیگر میں نماز کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے شہری پریشانی میں مبتلا۔ نمازیوںکو نماز پڑھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے چیف میپکو ملتان اور ایس ای ساہیوال ڈویژن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب سردیوں کی آمد سے قبل ہی گیس غائب۔ لوڈشیڈنگ اور کم پریشر سے عوام پریشان ہیں۔ شہریوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم اور گیس پریشر میں بہتری لائی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میںکمی آ سکے۔