شیخوپورہ کلر کہار میں حدثات :2بچوں سمیت7افراد جان بحق 21زخمی
شیخوپورہ‘ جنڈیالہ شیر خان‘ کلرکہار‘فیروزوالہ (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) شیخوپورہ ایم ٹو موٹر وے پر کوٹ پنڈی داس کے قریب لاہور سے اسلام آباد جانے والی تبلیغی جماعت کی وین کو ٹائر پھٹنے کے باعث حادثہ پیش آگیا اور وین قلابازیاں کھاتی ہوئی موٹر وے سے کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں تین کارکن عید بادشاہ، رحمت اللہ، صفیع الرحمن موقع پر ہی جان بحق ہوگئے۔ 13زخمیوں میں عمر علی، نور علی، نذیر ، اکبر خان، محب اللہ، ظفر خاں، رئیس خان وغیرہ شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 مریدکے کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر 4 زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی جبکہ 3 شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔ حادثہ کے فوری بعد سیکٹر کمانڈر ایس ایس پی فیصل اکرم موقع پر پہنچ گئے جن کی نگرانی میں زخمیوں کو منتقل کیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق 3 افراد کی نعشوں کو ایف ڈبلیو او کے سپرد کر دیا گیا، حادثہ کا شکار ہونے والی بس تبلیغی سرگرمیوں کے سلسلہ میں رائیونڈ سے براستہ موٹر وے لکی مروت جا رہی تھی۔ کلرکہار سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق موٹروے پر سالٹ رینج میں خوفناک حادثے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے، 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثہ ٹرالر کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، ٹرالر میں ایک ہی فیملی کے افراد تھے جو راولپنڈی سے گوجرہ جا رہے تھے، تمام افراد سرکس میں کام کرتے تھے اور راولپنڈی سے گوجرہ میلے پر جا رہے تھے۔ موٹروے پولیس اور ریسکیو نے تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ٹراما سنٹر ہسپتال کلرکہار منتقل کر دیا۔