شیخوپورہ :سوئی گیس ٹیموں کی کارروائی‘ 200گھریلو ڈیڈ میٹر اتارلئے گئے
حافظ آباد : زرعی صارفین کو سینکڑوں یونٹ زائد ڈال کر بجلی کے بلز بھجوادئے
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) حافظ آباد میں گیپکو کی جانب سے زرعی صارفین کو مبینہ طور پر سینکڑوں یونٹ زائد ڈال کر بجلی کے بلز بھجوادیئے گئے۔جس پر صارفین گیپکو کے مقامی افسران کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ جبکہ واپڈہ کے دفاتر میں بلز درست کروانے کے لئے صارفین ذلیل وخوار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق گیپکو کی جانب سے زرعی صارفین کو سینکڑوں یونٹ زائد ڈال کر بلز بھجوائے جانے کے بعدصارفین کے بلز دوگنا ہوگئے جس پر صارفین نے عوامی محاذ کے ضلعی صدر رانا خالد محمود کی قیادت میں شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گیپکو افسروں نے بجلی کی بڑھتی چوری کو روکنے میں ناکام ہونے کے بعد اور لائن لاسز کو پوراکرنے کے لئے سارا بوجھ زرعی صارفین پر ڈال دیا ہے ۔ ایک طرف حکومت نے بجلی کے یونٹ کے ریٹ بڑھا کر صارفین کو پریشان کررکھا ہے تو دوسری جانب مقامی افسران نے سینکڑوں یونٹ زائد ڈال کر رہی سہی کسر نکال دی ہے جس سے صارفین نہ صرف حکومت کو کوس رہے ہیں بلکہ گیپکو کے ظلم وستم کے خلاف بھی سراپا احتجاج ہیں۔ متاثرین نے مطالبہ کیا کہ زرعی صارفین کو سینکڑوں یونٹ زائد ڈالے جانے کا فوری نوٹس لیکر انہیں بلوں سے منہا کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میںلائی جائے۔