• news

ممنو عہ فنڈنگ کیس، الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کو تفصیلات جمع کرانے کیلئے  6ہفتے کی مہلت دیدی 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کو تفصیلات جمع کرانے کے لیے 6 ہفتوں کی مہلت دیدی ۔ پی ٹی آئی ممنوعہ  فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں بنچ نے کی۔سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل کی جانب سے الیکشن کمیشن میں عبوری جواب جمع کرایا، 4 افراد کے نائیکاپ اور ویڈیوز بھی جمع کرائی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور نے کمیشن سے استدعا کی ہمیں مزید مہلت چاہیے، 10 سال پرانا کیس ہے، بیرون ملک چیپٹر سے تفصیلات اکھٹی کرنی ہیں، ہمیں کم از کم 8 ہفتے درکار ہیں۔شاہ خاور نے مزید کہا لوگوں نے بیان دیا ہے وہ پاکستانی ہیں، فیصلے میں غیر ملکی ظاہر کیا گیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا آپ سے تو ہمارا سوال تھا ہم رقم ضبط کیوں نہ کر لیں،آپ کو اس پر جواب دینا ہے، ہمارے قانون کے مطابق غیر ملکی کمپنی سے پیسے نہیں آ سکتے، فارا کے تحت کمپنی آپ نے امریکا کے قانون کے تحت رجسٹر کی۔تحریک انصاف کے وکیل نے کہا ہمیں 6 ہفتے دے دیں جس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے پہلے ہی بہت وقت لگ گیا ہے، آپ کو 6 ہفتے کی مہلت دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن