خیبر پی کے حکومت معا ونت پر تیار نہ ہو ئی تو ضمنی انتخابات ملتوی کر دینگے : چیف الیکشن کمشنز
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ، ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشن نے وزیر اعلیٰ ، وزراء اور مشیروں کی طرف سے متواتر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کے استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی گورنمنٹ کو جا کر بتائیں کہ الیکشن کمشن ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔ الیکشن کمشن آرٹیکل218(3)کے تحت اپنے آئینی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ الیکشن میں تمام سیا سی پارٹیوں اور امیدواروں کو یکساں مواقع میسر ہوں۔ الیکشن کمیشن تمام آئینی اور قانونی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے آئین، قانون اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تمام پارٹیوں، امیدواروں اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائے گا۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو کہا کہ وہ اپنی گورنمنٹ کو قانون کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کا پیغام پہنچائے اور بطور چیف سیکرٹری وہ بھی صوبہ میں پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا پابند ہے۔ لہذا ایسے تمام اقدامات یقینی بنائیں جس سے ضمنی انتخابات کا پرامن انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔ الیکشن کمیشن نے مزید واضح کیا کہ اگر صوبائی حکومت الیکشن کی معاونت پر تیار نہ ہوئی تو الیکشن کمیشن صوبہ میں ضمنی انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہو گا۔ مزید الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ اس کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوگی اور دفتر کو حکم دیا کہ اس سلسلے میں ضروری نوٹس جاری کئے جائیں۔