طاہر اشرفی کی جگہ صاحبزادہ حامد رضا چیئرمین متحدہ علماء بورڈ تعینات
اسلام آباد + لاہور (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار) حکومت پنجاب نے چیئرمین متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر محمود اشرفی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر صاحبزادہ حامد رضا کو نئے چیئرمین متحدہ علما بورڈ کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ طاہر اشرفی کو ہٹانے اور حامد رضا کو نیا چیئرمین کے فیصلے کی منظوری سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دی۔ سنی اتحاد کونسل کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں چیئرمین متحدہ علماء بورڈ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سابق چیئرمین طاہر اشرفی پنجاب حکومت پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ ان پر کسی فتوی یا بیان کے لئے دباؤ نہیں ڈالا گیا۔ البتہ وہ غیرجانبدارانہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہے۔ طاہر اشرفی جھوٹے الزامات لگانے سے باز آ جائیں۔ علاوہ ازیں صاحبزادہ حامد رضا کو چودھری پرویز الٰہی‘ میاں اسلم اقبال‘ ڈاکٹر یاسمین راشد‘ حماد اظہر‘ میاں فرخ حبیب‘ فواد چودھری اور دیگر نے بھی مبارک باد دی ہے۔