• news

نہم نتا ئج: لاہور 43.27، گو جرا نوالہ بورڈ میں 44.10فیصد طلبا کا میاب 


لاہور‘ گوجرانوالہ (سپیشل رپورٹر + نمائندہ خصوصی) لاہور‘ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ ساہیوال‘ سرگودھا‘ بہاولپور بورڈز نے سیکنڈری سکول سالانہ امتحان 2022ء (جماعت نہم) کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں کامیابی کا تناسب43.27  رہا ہے۔ سالانہ امتحان میں کل 266071  امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے  200706  امیدوار  بطور سائنس امیدواران شامل تھے۔ جبکہ59619 امیدواروں نے آرٹس مضامین میں امتحان دیا تھا۔ فیصل آباد میں کامیابی کا تناسب 43.72 ‘ ساہیوال 39.60 ‘ سرگودھا 68.41 ‘ بہاولپور 42.21 اور گوجرانوالہ بورڈ میں 44.10 ‘ پنڈی 45.6 ‘ ملتان 45.85 ‘ ڈیرہ غازی خان 49.83 رہا۔ گوجرانوالہ میں کامیابی کا تناسب 44.10 فیصد رہا۔ نتائج کا اعلان بورڈ کی چیئرپرسن سائرہ عمر، پروفیسر محمد نعیم بٹ کنٹرولر امتحانات اور چوہدری شہزاد احمد سیکرٹری بورڈ ڈ نے صبح 10:00بجے پریس کانفرنس میں کیا۔ چیئرپرسن بورڈ نے بتایا کہ اس امتحان میں مجموعی طور پر 240783 امیدوار شامل ہوئے جن میں سے 103461کامیاب قرار پائے اس طرح شرح تناسب 44.10 فیصد رہی، نتائج  کے مطابق سائنس گروپ (بوائز) میں 85748 امیدوار شامل، امتحان ہوئے جن میں سے32344 امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح37.72فیصد رہی، سائنس گروپ (گرلز) میں91374 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن  میں50301 امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح55.05 فیصد رہی، اسی طرح ہیومینٹیز گروپ (بوائز) میں 15914 امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے3106 امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح19.52رہی۔ ہیومینٹیز گروپ (گرلز) میں 41414 امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں17589 امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح42.47 فیصد رہی، چیئر پرسن بورڈ نے بتایا کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کی تیاری تک متعلقہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا، امتحانی نظام میں غیر جانبداری اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیںکیا گیا۔ مارکنگ کے معاملے  پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا تاکہ طلباء و طالبات کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ نہم میں 1لاکھ 37 ہزار 322 امیدوار فیل ہوگئے۔ پچھلے پانچ سالوں کے برعکس اس سال کامیابی کا گراف نیچے گر گیا، ریجن بھر کے سینکڑوں سرکاری سکولوں کے رزلٹ بورڈ سے کم رہے، تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ  کرونا کے آفٹر شاکس اس رزلٹ میں نظر آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانولہ تعلیمی بورڈ کے جماعت نہم کے نتائج کے مطابق فیل ہونے والے امیدواروں کا پلڑا بھاری رہا اور 1لاکھ 37ہزار 322 امیدواروں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، جو بورڈ کے پچھلے 5سالوں میں سب سے گندا رزلٹ ہے، 2021 میں 99.37فیصد رزلٹ آیا اور 2020ء میں کرونا کی وجہ سے تمام طلبہ کو پروموٹ کردیا گیا اس سال بڑی تعداد میں سرکاری سکولوں کے نتائج بورڈ سے کم رہے جس کی بڑی وجہ تعلیمی حلقے کرونا کو قرار دے رہے ہیں۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ کرونا پالیسی کی وجہ سے پچھلے چند سالوں میں طلبہ کا بہت قیمتی وقت ضائع ہوا ہے جن کے آفٹر شاکس آئندہ سال بھی دیکھنے کو ملیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن