پیداوار بڑھانے کیلئے کسانوں کو زرعی مشینری آلات پر مشروط سبسڈی دینے کا فیصلہ
لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب میں فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے کسانوں کو مشروط طور پر زرعی مشینری اور زرعی آلات سبسڈی پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور زرعی آلات پر مجموعی طور پر 60فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ اس سبسڈی سے پنجاب کے تمام اضلاع کے کسان مستفید ہو سکیں گے تاہم سخت شرائظ کیوجہ سے چھوٹے کسان سبسڈی سے محروم رہنے کا خدشہ ہے۔ سبسڈی دینے کے لئے پنجاب حکومت نے کسانوں کو فوری طور پر کوائف جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت کی جانب سے اس حوالے سے کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست گزار کم از کم 50ہارس پاور ٹریکٹر کا مالک ہو، سبسڈی حاصل کرنے کے لئے نہری علاقہ میں کسان کا 25سے 50ایکڑ مالک یا مزارع ہونا ضروری ہے۔ مشینری، آلات کے حصول کے لئے صرف محکمہ کو صرف ایک درخواست دی ہو، الاٹمنٹ لیٹر کے اجراء کے 10دن کے اندر منظورہ شدہ فرموں اور کمپنیوں کے پاس بکنگ کرانا ضروری ہو گی۔ بصورت دیگر مالی امداد منسوخ تصور ہو گی جسے عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔