• news

بغیر تصدیق جعلی خبریں پھیلانا ملکی سالمیت کیلئے خطرناک، پرویز اشرف


اسلام آباد(نا مہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جھوٹی اور حقائق کے منافی خبروں کے رجحان کو سماجی سالمیت کے لیے انتہائی تباہ کن قرار دیا ہے،بغیر تصدیق کے جعلی خبریں پھیلانا ملک کی سالمیت کے لیے خطرناک ہے۔ سوشل میڈیا کی افادیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر فرض ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فورمز کو ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ استعمال کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز  پارلیمنٹ ہائوس میں خدمات سرانجام دینے والے انٹرنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے سوشل میڈیا کو منفی پروپیگنڈا پھیلانے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی حوصلہ شکنی کے لیے نوجوانوں کے اہم کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔ دولت مشترکہ کی 65ویں کانفرنس میں شرکت کے لیے پارلیمانی وفد کے دورے کے خلاف بدنیتی پر مبنی  بے بنیاد سوشل میڈیا مہم کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو انتہائی احتیاط اور زمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھرپور کارکردگی دکھانے کی تمام صلاحیتیں اور اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے دن رات محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔  سپیکر نے قومی اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات اور قومی اسمبلی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے آئی پی یو کے ایشیا پیسیفک کے ایس ڈی جیزکے حصول پر تیسرے سیمینار میں انٹرنز کے کردار کو بھی سراہا۔ تقریب میں کنوینر ایس ڈجیز رومینہ خورشید عالم اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے انٹرنز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن