• news

پنجاب اسمبلی ہنگامہ کیس: عطاء تارڑکی ضمانت کنفرم‘ 10 کی عبوری ضمانتوں میں آج تک توسیع


لاہور (خبر نگار) لاہور کی سیشن عدالت نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔ سیشن عدالت نے لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی دوران سماعت پر عطاء تارڑ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عطا تارڑ اسمبلی میں موجود ہی نہیں تھے حکومت نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے مقدمہ میں نامزد کیا۔ عدالت نے عطاء تارڑ کی ضمانت کنفرم کر دی۔ دوران سماعت تفتیشی کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور سی سی پی او لاہور کو آئندہ سماعت تفتیشی کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ میڈیا گفتگو میں عطاء تارڑ نے کہا کہ جوڈیشل آرڈر کے تحت بننے والی حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی، رانا مشہود نے دعوی کیا کہ سیاسی جلسے کے لیے پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا جا رہا ہے۔ سیشن کورٹ نے اویس لغاری، رانا مشہود، مرزا جاوید لطیف سمیت 10 لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں بیس ستمبر (آج) تک توسیع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن