• news

چوہنگ تھانے کے باہر 2گروپوں میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی


لاہور (نامہ نگار) چوہنگ تھانے کے باہر دو گروپوں میں تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں2 افراد ہلاک جبکہ ڈولفن اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ چوہنگ کے علاقے میں شرافت علی اور اصغر گروپ میں پرانی دشمنی چلی آرہی ہے۔ گزشتہ روز اقدام قتل کے ایک مقدمے کی تفتیش کے لیے دونوں گروپ تھانہ چوہنگ آئے تو تھانے کے باہر دونوں میں تصادم ہوگیا۔ جس پر شرافت علی اور اجمل وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر مخالف گروپ کے 2 افراد گوپے رائے کا رہائشی 45 سالہ اصغر علی اور 25 سالہ نوجوان عمران موقع پر ہلاک جبکہ بشارت اور مصطفیٰ شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا تو ملزمان  نے پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈولفن اہلکار منصور زخمی ہو گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع ملنے پر تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ پولیس نے فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کر کے دونوں مقتولین کی نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔ آئی جی پنجاب پولیس فیصل شاہکارنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے  ایس پی صدر اور ایس پی ڈولفن سے رپورٹ طلب کر کے ملزمان کی فوری گرفتار ی کا حکم دے دیا ہے۔ ایس پی صدر حمزہ  امان اللہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر ڈاکٹر رضا تنویر نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان جلد پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن