چین نے حملہ کیا تو امریکہ تائیوان کا دفاع کرے گا ۔امریکی صدر
واشنگٹن (این این آئی) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکہ کسی بھی چینی حملے کے خلاف تائیوان کا دفاع کرے گا۔ انہوں نے کہا واشنگٹن تائی پے کی آزادی کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا۔ یوکرائن اور روس کے درمیان جاری جنگ سے متعلق امریکی صدر نے کہا روسی صدر پوٹن ہمارے ارادے کو توڑ نہیں سکتا۔ امریکہ یوکرائن کی اس وقت تک مدد کرتا رہے گا جب تک اسے ضرورت رہے گی۔ ایک انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر بائیڈن نے کہا یوکرائن جنگ نہیں ہار رہا بلکہ کچھ علاقوں میں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ ان حالات سے معلوم ہوگیا کہ روس اتنا اہل اور قابل نہیں جتنا لوگ اس کے بارے میں سوچ رہے تھے۔ روس یوکرائن کے بے گناہ شہریوں کا خون بہا رہا اور وہاں پر تباہی پھیلا رہا ہے۔ اپنے انٹرویو میں جو بائیڈن نے کہا امریکہ کافی عرصہ سے ہی ون چائنہ پالیسی سے اتفاق کرتا ہے۔ تائیوان اپنی آزادی کا فیصلہ خود کرتا ہے، ہم تائیوان کی آزادی کیلئے متحرک ہیں نہ اس کی حوصلہ افزائی کررہے، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔ امریکی صدر سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکی افواج تائیوان کا دفاع کریں گی تو انہوں نے کہا جی ہاں اگر اسے غیر معمولی حملے کا نشانہ بنایا گیا تو۔ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایک چین کی پالیسی ہے لیکن تائیوان نے اپنی آزادی سے متعلق خود فیصلہ کیا ہے، ہم تائیوان کی حوصلہ افزائی نہیں کر رہے، آزادی کا فیصلہ تائیوان کا اپنا ہے۔