• news

کرونا:ایک مریض جاںبحق بچوںکی ویکسینیشن شروع امریکہ میں وائرس کے خاتمے کا  اعلان


اسلام آباد‘ لاہور‘  واشنگٹن (خبر نگار‘ اے پی پی) پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کرونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 53 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 54 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ زیرِ علاج مریضوں میں سے 82 کی حالت تشویش ناک ہے۔ پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 607 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں۔ کل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 71 ہزار 894 ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 13 ہزار 311 ٹیسٹ کیے گئے۔ دوسری جانب ملک بھر میں 5 سے 12 سال تک کے بچوں کو کرونا سے بچائو کی ویکسین لگانے کی مہم شروع ہوگئی۔ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق پیر سے شروع ہونے والی مہم 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔ وزارت صحت کے مطابق تعلیمی اداروں میں بھی انسداد کرونا ویکسین لگانے کیلئے کیمپ لگائے جائیں گے۔ بچوں کی ویکسین کی (ب) فارم کے ذریعے انٹری کرائی جائے گی۔ امریکہ میں 10 لاکھ سے زیادہ اموات اور تقریباً تین سال کے لاک ڈائون اور معاشی خلل کے بعد صدر جو بائیڈن کرونا وائرس وبائی مرض کے ختم ہونے کا اعلان کر دیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ کرونا وبائی مرض ختم ہو چکا ہے‘ تاہم ہمیں ابھی بھی کووڈ 19 کے ساتھ مسئلہ ہے اور ہم اس پر بہت کام کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن