جنرل ہسپتال ایمرجنسی،ڈینگی بخار کی مفت تشخیص و علاج کیلئے کاؤنٹرز قائم
لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی بر وقت مفت تشخیص،علاج اور رہنمائی کیلئے ایمرجنسی ،آؤٹ ڈور میں سہولت کاؤنٹر ز قائم کر دئیے گئے ہیں۔ایسے مریضوں کے علاج کیلئے ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ دستیاب ہوگا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایل جی ایچ میں انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں،عوامی شعور کی بیداری اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر خالد بن اسلم نے پرنسپل کو بریفنگ میں بتایا کہ ڈینگی بخار کے مریضوں کیلئے 56بستر مختص ہیں جبکہ ضرورت کے پیش نظر ان کی تعداد200تک بڑھا دی جائے گی۔