پنجاب اسمبلی ہنگا مہ کیس ، لیگی ارکان اسمبلی سمیت 10ملزموں کی عبوری ضما نتیں کنفرم
لاہور (خبر نگار‘ نامہ نگار) لاہور کی سیشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور اقدام قتل کے الزام میں درج مقدمہ میں لیگی ارکان پنجاب اسمبلی اویس لغاری، رانا مشہود احمد خاں، بلال فاروق تارڑ سمیت دس ملزموں کی عبوری ضمانتوں کو کنفرم کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج یٰسین موہل نے کیس کی سماعت کی۔ ارکان پنجاب اسمبلی عبوری ضمانتوں کی میعاد ختم ہونے پر توسیع کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔ پولیس نے مکمل تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ عدالت نے لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کردی۔ عدالت نے پولیس سے مقدمہ کا مکمل چالان طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔