پرویز الہی نے لاہور میں واٹر ہا ئیڈ رنٹ بنانے کا حکم دیدیا ، آٹے کا تھیلا بھی سستا
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے چوتھے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے شہر میں آتشزدگی کے واقعات کے بروقت سدباب کے لئے واٹر ہائیڈرنٹ قائم کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ آتشزدگی کی صورت میں مختلف مقامات پر قائم واٹر ہائیڈرنٹ سے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ریسکیو1122کی طرف سے بڑی عمارتوں کے سیفٹی آڈٹ کے بغیر کوئی نقشہ پاس نہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے حدود میں شیخوپورہ سمیت دیگر شہروں کو بھی ڈویلپمنٹ میں شامل کرنے کاحکم دیا۔ اجلاس میں بیوہ اور نادار کوٹے میں ریکارڈ کلیئر ہونے والے 1200 سے زائد سائلین کو الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی اور ایل ڈی اے میں مارکیٹنگ کے لئے الگ شعبہ قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ واسا کا سیوریج سسٹم استعمال کر کے واجبات ادا نہ کرنے والی ہاؤسنگ سکیموں سے چارجز وصول کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور ایل ڈی اے الاؤنس کو رننگ پے سکیل کے مطابق کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں عدالت عالیہ کے حکم کے مطابق سائل کو متبادل پلاٹ کی الاٹمنٹ کا معاملہ طے کرنے کیلئے سب کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی اور اپارٹمنٹ بلڈنگز بنانے کے لئے کم ازکم ایک کنال اراضی کی حد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایل ڈی اے لینڈ رولز 2020 کی شق 30(5) میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا اور فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹاؤن میں اپارٹمنٹ تعمیر کے منصوبے کی اصولی منظوری دی گئی اور خیابان امین جوہر ٹاؤن میں بحالی اور بہتری کا پلان منظور کیا گیا۔ اجلاس میںجوہر ٹاؤن میں واک اینڈ شاپ ایل ڈی اے شاپنگ ایرینا کے مارکیٹنگ اور بزنس ماڈل اور موہلنوال ہاؤسنگ سکیم کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔ کرونا کے دوران سابقہ واجبات کی فیس تاخیر سے جمع کرانے پر جرمانہ معاف کرنے کی منظوری دی گئی۔ موجودہ واجبات تاخیر سے جمع کرانے پر جرمانہ معمول کے مطابق وصول کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے سٹی میں انڈسٹریز کو ایک ہی جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمپیکٹ انجینئر نگ کو ادائیگی کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری دی گئی ۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ پرویز الٰہی سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ووکیشنل و ٹیکنیکل ایجوکیشن، صحت کے شعبوں اور پانی کو ذخیرہ کرنے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ جرمنی نے پنجاب حکومت کو واٹر سٹوریج کے حوالے سے تکنیکی معاونت کی فراہمی پر آمادگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے جرمن سفیر کو جنوبی پنجاب میں سیلاب سے تباہی اور متاثرین سیلاب کیلئے بحالی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان شدید متاثر ہوا ہے۔ یہ ایک ایسا چیلنج ہے جس پر اقوام عالم کو فوری طور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری کو آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ اب ہم نے دوبارہ واٹر چینلائزڈ کرنے اور سمال ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی پانی کو سمندر میں جا کر ضائع ہونے سے روکنے کیلئے ڈیمز پاکستان کیلئے ضروری ہیں۔ اگر ڈیم ہوتے تو پانی سے اتنی تباہی نہ ہوتی اور پانی بھی سٹور ہوتا۔ جتنے زیادہ ڈیم ہم بنائیں گے اتنی ہی تباہی سے بچیں گے۔ جرمنی پاکستان کا بہترین پارٹنر ہے۔ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، صحت اور واٹر سٹوریج کے حوالے سے جرمنی کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کریں گے۔ پنجاب جرمنی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں لیڈ لے گا۔ جرمنی کی جانب سے واٹر سٹوریج کیلئے تکنیکی معاونت کا کھلے سے خیرمقدم کریں گے۔ پرویزالٰہی سے عامر خان کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ عامر خان نے پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے کا چیک پیش کیا اور فلڈ ریلیف کے لئے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی نے سب سے پہلے سیلاب متاثرہ علاقے میں پہنچ کر قابل تقلید مثال قائم کی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف ہماری ترجیحات میں اولین ہے۔ سیلاب متاثرین کو بروقت ریسکیو کیا اور ریلیف کا کام تیزی سے جاری ہے۔چودھری پرویز الہٰی سے فلور مل ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملاقات کی۔ آٹے کے 10 کلو اور 20 کلو کے تھیلے کے نرخوں میں کمی کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ پنجاب بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1295 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔ صوبہ بھر میں 10 کلو کا آٹا تھیلا 648 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ فلور ملوں کا ڈیلی کوٹہ تقریباً 2 ہزار میٹرک ٹن بڑھا دیا ہے۔ فلور ملوں کو روزانہ 18 ہزار 600 میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔ پرویزالہٰی نے فلور مل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے بات چیت کر کے قیمت میں کمی پر قائل کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی سے فلور مل ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک طاہر امین چیئرمین آل پاکستان فلور مل ایسوسی ایشن عاصم رضا، سابق چیئرمین میاں ریاض اور حافظ احمد قادر نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر خوراک حسنین بہادر دریشک، سیکرٹری فوڈ اور ڈی جی فوڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔