• news

عمران کون ہوتے ہیں ، آرمی چیف کا تقرر آئین کے مطا بق ہو گا 


لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ٹرانسجینڈر قانون میں ترامیم پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ  فضل الرحمن نے کہا کہ ٹرانسجینڈر قانون قرآن اور سنت سے متصادم اور قابل مذمت  ہے۔ اس میں  ترامیم پیش کریں گے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان فوج سمیت تمام اداروں پر حملہ کر رہے ہیں۔ عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ عمران خان ہوتا کون ہے کہ حکومت کو کہے آرمی چیف کی تقرری کون کرے گا۔ عمران کو بتانا چاہتے ہیں کہ تم لاکھ چیخو وہی ہوگا جو آئین میں ہے۔ فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ متاثر ہوا ہے۔ ابھی تک  کئی علاقوں میں پانی جمع ہے، لوگ سڑکوں پر ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ متاثرین کی بحالی کے اقدامات سے متعلق سندھ حکومت سے بات کریں گے۔ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان لاکھ چیخیں، آرمی چیف کا تقرر آئین کے مطابق ہوگا اور  فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہوتے کون ہیں حکومت کو آرمی چیف کی تقرری سے روکنے والے، انہیں مداخلت کا حق نہیں دیں گے، وہ لاکھ چیخیں یا جو بھی کریں، وزیراعظم کا آئینی اختیار ہے، وہ میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جس طرح عمران خان نے آرمی چیف کو متنازع بنانے کی کوشش کی، اس کے معنی ہیں کہ اگر کوئی ملاقات ہوئی بھی ہے تو وہ بے نتیجہ ثابت ہوئی۔ فضل الرحمان نے عمران خان کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر اپنی حکومت سے بھی شکوہ کیا اور کہا کہ امپورٹڈ چور اور مجرم کو ڈھیل کیوں دی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  حکومت پنجاب کمزور ہے، شاید پلٹ جائے گی، عمران خان امپورٹڈ چور ہے، ان کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی اور نوازشریف سمیت دیگر جیل گئے لیکن اقوام متحدہ کو بھی تشویش نہیں ہوئی۔ عمران خان بیرونی ایجنٹ ہیں، اس لیے اقوام متحدہ کو کارروائی پر تشویش ہوتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن