• news

الیکشن کمشن پیش نہ ہونے پر عمران کو نو ٹس ، خاتون جج دھمکی کیس سیشن کورٹ کے حوالے 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر پیش نہ ہونے پر عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ سابق وزیراعظم کو نوٹس چارسدہ میں جلسہ کرنے پر جاری کیا گیا، نوٹس الیکشن کمشن میں پیش نہ ہونے پر دیا گیا۔ عمران خان 23 ستمبرکو الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوں۔ پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چارسدہ جلسے میں شرکت پر عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان کو طلب کیا تھا۔ طلبی کے باوجود عمران خان پیش نہ ہوئے۔ تاہم وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان کے وکیل الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوگئے اور انہوں نے کمشن سے پیشی کے لیے وقت مانگ لیا جس پر الیکشن کمشن نے انہیں بھی 23 ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔
 اسلام آباد (وقائع نگار) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان کے خلاف درج دہشتگردی مقدمہ سے دہشتگردی دفعات نکلنے کے بعد کیس سماعت کیلئے ڈسٹرکٹ کورٹ بھجواتے ہوئے ضمانت کیلئے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور مقدمہ سیشن کورٹ بھیجنے سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ پیش کرتے ہوئے دہشتگری کی دفعات ختم کرنے سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق کیس سیشن جج کو منتقل کریں گے۔ عدالت نے کہا کہ ہمارے پاس چالان جمع ہی نہیں کرایا گیا، آپ کو دوبارہ ضمانت کی درخواست دائر کرنی پڑے گی، نہ ہمارے پاس چالان جمع ہوا، نہ گواہ کا بیان ہوا نہ کچھ اور ہوا تو کیا منتقل کریں گے، ہمارے پاس اب تک ضمانت کا معاملہ تھا، ہائیکورٹ کے آرڈر کے بعد ہمارا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔ بابر اعوان نے کہاکہ27 ستمبر کو دیگر ضمانتوں کی درخواست لگی ہیں، مزید جو آپ جو آرڈر کریں۔ عدالت نے کہاکہ ضمانت کی درخواست واپس لے لیں تو آپ کے لیے بہتر ہو گا، جس پر بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم ضمانت کی درخواست واپس نہیں لے رہے۔ عدالت نے کہا کہ سپیشل پراسیکیوٹر کہاں ہیں ان سے بھی رائے لے لیتے ہیں۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کیس سماعت کیلئے ڈسٹرکٹ کورٹ بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے عمران کی درخواست ضمانت بھی نمٹادی اور ہدایت کی کہ کیس سے دہشتگردی دفعات ختم کردی گئی ہیں اس لیے ضمانت کیلئے متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن