سیلاب متا ثرین کیلئے عالمی پارٹنرز کی مدد اہم ، آرمی چیف : بھر پور تعاون کریں گے
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سکیورٹی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ ملاقات میں آرمی چیف نے یورپی یونین کی سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی رابطوں کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ یورپی یونین کی سفیر نے پاکستان میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر دکھ کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر رینا نے سیلاب متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے ریسکیو اینڈ ریلیف کوششوں میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ آرمی چیف نے متاثرین کی بحالی کے لیے یورپی یونین کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کی بحالی کیلئے اہم ہوگی۔