مفادات حاصل کرنیوالوں نے سیاست اور مذہب کو بدنام کیا:حامد رضا
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )نو منتخب چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب صاحبزادہ حامد رضا مرکزی چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا ہے کہ مفادات حاصل کرنیوالوں نے سیاست اور مذہب کو بدنام کیا ہے ،ملکی سلامتی کیلئے اتحاد و یگانگت اور برداشت کے کلچر کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ،تمام مکاتب فکر ملکی مفادات کیلئے متحد ہو جائیں اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ان خیالات کا اظہار مبارکباد دینے والے وفد سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی،ڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ،صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی اور دیگر شامل تھے ۔
اس موقع پر علامہ مفتی محمد اقبال چشتی،پیرسید فدا حسین شاہ حافظ آبادی،ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان،مفتی محمد حسیب قادری،ارشد جاوید مصطفائی،میاں فہیم اختر،ملک بخش الہی بھی موجود تھے ،انہوں نے کہا کہ علما و مشائخ اتحاد بین المسلمین کے اصولوں کے تحت اپنی تقاریر میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں،نئی نسل کو روشن مستقبل دینے کیلئے نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا،ملکی استحکام کیلئے پیغام پاکستان کو زندگی کا مشن بنانا ہوگا۔