سبطین خان، یاسمین راشد سے ملاقات، امن کیلئے پاکستان کا کردار قابل ستائش: جرمن سفیر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سپیکر محمد سبطین خان سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گرانس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سپیکرنے کہا کہ پاکستان جرمنی کو اپنا دوست اور اقتصادی شراکت دار تصور کرتا ہے۔ پاکستان میں بین الاقوامی سر مایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں۔عالمی امن و خوشحالی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ جرمن سفیر الفریڈ گرانس نے کہاکہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ جرمنی پاکستان میں جمہو ریت کے استحکا م اور معاشی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت یاسمین راشدنے جرمنی کے سفیرمسٹرسے ملاقات کی۔ جرمنی کے سفیرمسٹرالفریڈگریناس نے ملاقات کے دوران پنجاب کی عوام کو صحت سہولت کارڈکے ذریعے علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کرنے پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ پاکستانی عوام کوعلاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کرنا عمران خان کا خواب ہے۔عمران خان کی حکومت میں وعدہ کے مطابق پنجاب کے تمام 3کروڑ11لاکھ خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ فراہم کردئیے گئے تھے۔