پاکستان کی یہی ٹیم عالمی کپ کی چیمپئن بنے گی: چیئرمین پی سی بی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے موجودہ پاکستان کرکٹ ٹیم پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہی ٹیم عالمی کپ کی فاتح بنے گی۔توقع ہے کہ عالمی کپ کے آغاز سے پہلے انگلینڈ کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں دلچسپ اور اچھے مقابلے ہونگے، ایشیا کپ کا فائنل کھیلنا اور بھارت کو شکست دینا کوئی معمولی بات نہیں، میں نے جو بھی وعدہ کیا اسے نبھانے کی کوشش کی ہے۔شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر کام ہورہا ہے،ہم اپنے کھلاڑی کو تنہا کیسے چھوڑ سکتے ہیں، توقع ہے کہ وہ عالمی کپ میں پاکستان ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس وقت پاکستان ٹیم کو کو بھرپور انداز میں سپورٹ کیا جائے، تنقید کے حوالے سے بابر اعظم سے کہا کہ شائقین بہت جلدی بھول جاتے ہیں۔ انگلینڈ پہلے ناراض ہوکر چلا گیا اور اب پھر آیا ہے، یہ پاکستان کرکٹ کی جیت ہے۔ شاہین آفریدی کے مسئلے کو بلا ضرورت متنازع بنایا گیا ہے۔
ٹیم سلیکشن پر سابق کھلاڑیوں کی رائے مختلف ہوسکتی ہے، انہیں اس وقت ٹیم کو بیک کرنا چاہیے۔انگلینڈ سے سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک جو وعدہ کیا ہے وہ نبھایا، انگلینڈ ٹیم کے روٹھنے کے بعد ان کو لانے کیلئے محنت کی اور لے آئے۔بابر سے کہا ہے کہ فینز کو خوش کرنے کیلئے ہر میچ جیتنا ہوگا، کرسیوں کی امپورٹ بند ہونے پر شائقین کو شادی ہالز کی کرسیوں پر بٹھا رہے ہیں۔