ایشیائی بنک کاسیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی پیکج پر کام کرنے کا اعلان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اے ڈی بی نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی کےلئے فوری طور بڑے امدادی پیکج پر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایک بیان میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ یہ پیکج متاثرین، معاشی صورتحال اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی فوری اور پائیدار بحالی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ وہ مختصر اور درمیانی مدت کے لیے سڑکوں اور آبپاشی کے انفرااسٹرکچر سمیت تباہ شدہ بنیادی انفرااسٹرکچر کی مرمت کے لیے جاری منصوبوں کا استعمال کرے گا اور غذائی تحفظ بڑھانے کے لیے زرعی شعبے کی ترقی اور مالی استحکام میں مدد فراہم کرے گا، خاص طور پر خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے کاو¿نٹر سائیکلیکل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ہم ایسے طویل مدتی منصوبوں کو ترجیح دیں گے جو سیلاب کے بعد تعمیر نو میں معاونت فراہم کریں گے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے انفرااسٹرکچر کو مضبوط کریں گے۔’حتمی طور پر طے ہونے کے بعد ہم اپنے نئے امدادی پیکج کی مزید تفصیلات فراہم کریں گے‘۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم حکومت اور دیگر عالمی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد متاثرین کی زندگیوں اور ذریعہ معاش کی تعمیر نو میں مدد ملے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایشیائی بنک