اسحاق ڈار سرنڈر کرنے کو تیار، واپسی پر گرفتار نہ کریں، احتساب عدالت میں درخواست
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری واپس لے، اسحاق ڈار سرنڈر کرنے کے لیے تیار ہیں مگر ان کو واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اشتہاری قرار دینے کے خلاف اپنی درخواست واپس لے لی۔ سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر درخواست خارج کر دی جس کے بعد اسحاق ڈار کو اشتہاری اور مفرور قرار دینے کا فیصلہ اپنی جگہ برقرار ہے۔ اسحاق ڈار کے وکیل سلمان بٹ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ہم اس کیس کے سلسلے میں متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے اسحاق ڈار کی جانب سے واپس لئے جانے پر درخواست خارج کر دی۔